حضور نبی کریم ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) حضور نبی کریم ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ زندگی کے ہر شعبہ میں سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ حضرت محمد ﷺ  کی ذات باعث تخلیق کائنات ہے۔ آپ ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہّ ہے۔ اور آپ ﷺ کا ذکر خیر کرنا  گناہوں سے مغفرت کا وسیلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے ایم ڈی، ایم افضل چوہدری نے سوسائٹی کی تیسری سالانہ رحمت اللعالمین کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس جسکی صدارت پاکستان عوامی تحریک تحصیل کمالیہ کے صدر سجاد مسعود اور بزم سرور کونین کے سرپرست اعلیٰ حاجی شاہد نے کی۔ کانفرنس کے اختتامی نشست سے ممتاز عالم دین حضرت علامہ مولانا محمد صابر سیالوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہ ربیع الاوّل مسلمانوں کے لئے رحمتوں و سعادتوں اور برکتوں بھرا مہینہ ہے۔ اور ربیع الاول کے بابرکت ایام سیرت رسول ﷺ پر عمل کرنے کا درس دیتے ہیں۔ اس دوران شمع رسالت ؐ کے پروانوں کو رحمت ا للعالمین کے ذکر سے ایمان کو جلا ملتی ہے۔ یاد رہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ اور ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہی عالمی بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ایام میں بڑے پیمانے پر میلاد کی محافل منعقد کر کے حضور ﷺ کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ان کے پیغام کو پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اور جشن آمد رسول ﷺ کا تقاضہ ہی یہی ہے کہ ہم اپنی زندگیاں آپکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں اور ہمارے فکر وکردار سے غلامی مصطفیٰ ﷺ کی جھلک نظر آنی چاہئیے اُمت مسلمہ کو چاہئیے کہ وہ ذاتی اختلافات کو ترک کر کے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھا م لیں اور آقا دوجہاں ﷺ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی کا نمونہ بنا لیں۔

(Visited 24 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *