کمالیہ نیوز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے

کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) اہلحدیث یوتھ فورس ضلع ٹوبہ کا اہم اجلاس،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تمام تحصیلوں کے صدور اور سیکرٹریز نے شرکت کی،تنظیمی معاملات ملک میں نفاذ اسلام اور آئندہ ملکی حالات پر غور و خوض کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اہلحدیث یوتھ فورس ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اہم اجلاس جامع مسجد مبارک اہلحدیث محلہ حاجی چوک کمالیہ میں منعقد ہوا ۔ جس میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تمام تحصیلوں کے صدور اور سیکرٹریز نے شرکت کی ۔اجلاس کی صدارت حافظ عبد الستار امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث نے کی۔جبکہ میزبانی کے فرائض رہنما اہلحدیث یوتھ فورس حافظ عالمگیر نے ادا کیے۔ اس موقع پر اجلاس میں تنظیمی معاملات ،نفاذ اسلام اور آئندہ کے ملکی حالات غوروغوض کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) کمالیہ میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار،غلہ منڈی روڈ ، محمود بھٹی ، عید گاہ پاکستان چوک ، صدر واقبال بازارتجاوزات کی زد میں ہیں،لوگوں کا گزرنا محال، میونسپل انتظامیہ نے بار بار توجہ دلانے کے باوجود خاموشی اختیار کرلی۔غلہ منڈی روڈ ،عید گاہ چوک، صدر بازاراور اقبال بازار میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار،لوگوں کا گزرنا محال، میونسپل انتظامیہ نے خاموشی اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی روڈ نزد دربار بابا محمود بھٹی ، عید گاہ چوک، پاکستان چوک ، صدر بازار ، اقبال بازار اور سلطان مارکیٹ کے قرب و جوار میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے۔ دوکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے بڑے بڑے تھڑے بنا رکھے ہیں علاوہ ازیں صبح سے ہی دکانوں سے سامان نکال کر باہر رکھ دیا جاتا ہے۔جس سے لوگوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے۔بار بار میونسپل انتظامیہ کی توجہ ان ناجائز تجاوزات کی جانب دلوانے کے باوجود کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔شہریوں نے میونسپل سمیت اعلیٰ اتھارٹیز سے کمالیہ میں ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) ریاض فتیانہ کو وفاقی وزارت دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔وزارت ملنے سے ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو نمائندگی ملنے کے ساتھ ساتھ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔ ریاض فتیانہ کی خصوصی کاوشوں سے PTIکے پورے پینل نے تحصیل کمالیہ سے کامیابی حاصل کی۔ان خیالات کا اظہار کمالیہ کی معروف سیاسی شخصیت پی ٹی آئی رہنما ارشد انصاری نے ہمارے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انکا مزید کہناتھا کہ ریاض فتیانہ ڈویژن فیصل آبا د کے ایک قابل اور زیرک سیاستدان ہیں جنہوں نے انتہائی کم وقت میں PTIکا ٹکٹ ملنے کی صورت میں ڈویژن فیصل آباد سے اپنے پورے پینل سمیت کامیابی حاصل کی۔ حالانکہ ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی دیگر تحصیلوں سے پی ٹی آئی بری طرح ناکام ہوئی ۔ اس لیے ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی نمائندگی اور محرومیوں کے خاتمہ کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاض فتیانہ کو وفاقی وزارت یا کسی اہم حکومتی عہدہ سونپا جائے۔اس سے ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پی ٹی آئی کو ترقی ملے گی اور علاقے میں بہتر طریقے سے عوام کی خدمت ہو سکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) زندہ قومیں اپنے قومی ایام شایان شان طریقہ سے مناتی ہیں، 14 اگست کو یوم آزادی منانے کا مقصد اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ اور مستقبل کے پاکستان کے قیام کیلئے راہیں متعین کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کمالیہ کے چیئرمین حافظ مشتاق احمد وٹو اور چیف ایگزیکٹو شفیق شاہد ملک نے اپنے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے کیا انکا مزید کہناتھا کہ پاکستان 14 اگست 1947 کو معرج وجود میں میں آیا مگر افسوس کہ آزادی کے 70 سال گزر جانے کے باوجود ہم اپنے ملک کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ ملک بنانے میں ناکام رہے۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہماری نئی نسل اپنے آباؤ اجداد کے کارناموں اور جدوجہد آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں سے نا آشنا ہیں ۔اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ یوم آزادی سمیت قومی تہواروں کو شایان شان طریقہ سے منا یا جائے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس ملک کے قیام کے مقصد اور تحریک آزادی جدوجہد سے آگاہ کر سکیں ۔ زندہ قومیں اپنے قومی ایام شایان شان طریقے سے مناتی ہیں اسلیے ہمیں بھی اپنا یوم آزادی شایان شان طریقہ سے منانا ہوگا۔ امسال یوم آزادی اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پاکستانی عوام نے عمران خان کی شکل میں ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) کمالیہ ،جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری، شہر بھر میں قومی پرچموں اور جھنڈیوں کے سٹالز پر عوام کا رش،بچوں ،بڑھوں اور نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی۔ تفصیلات کے مطابق 14اگست کے حوالہ سے پورے پاکستان سمیت کمالیہ میں بھی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اس سلسلہ میں شہر بھر میں قومی پرچموں ، جھنڈیوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں جس پر زور بروز یوم آزادی قریب آتے ہی رش میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ بچوں ،بڑھوں اور نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔بچے اور نوجوان قومی پرچموں سے لگے سٹالز سے پاکستان کے پرچموں کے بیجز ،جھنڈیاں ،ٹوپیاں،رنگزاور دیگر اشیاء خرید رہے ہیں۔جبکہ خواتین بھی یوم آزادی کے حوالے سے مختلف اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں ۔ہئیر کیچ،چوڑیاں،قومی پرچموں کے لباس اور دیگر خریدی جا رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) ماموں کانجن روڈٖ پر ڈاکوؤں کی دن دیہاڑے لوٹ مار روز مرہ کا معمول بن گئی، پولیس خاموش تماشائی ،شہریوں کا اعلیٰ افسران سے نوٹس لیے جانے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق کمالیہ ماموں کانجن روڈ پر دن دیہاڑے ڈاکوؤں کی لوٹ مار روز مرہ کا معمول بن گئی ہے۔ جس کاواضع ثبوت یہ ہے کہ گذشتہ روز کمالیہ کے رہائشی رانا شہادت علی اپنے ملازم غلام حسین کے ہمراہ گاڑی میں کمالیہ سے ماموں کانجن جا رہے تھے کہ دن دیہاڑے کوٹ دریا مل کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے انکی گاڑی کو روک لیا اور مذکوران سے اسلحہ کے زور پر 26ہزار روپے نقدی اور موبائل چھین لیے۔ مزاحمت پر ملازم غلام حسین کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ متاثرین اور اہل علاقہ کے مطابق ماموں کانجن روڈ پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار اور روزمرہ کا معمول بن گیاہے مذکورہ علاقہ 2اضلاع کے درمیان واقع ہونے کی بناء پر دونوں ضلعوں کے تھانوں کی پولیس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ افسران سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) کمسن بچیوں سے زیادتی کی کوشش،تھانہ سٹی کمالیہ نے مقدمہ درج کرکے ملزم گرفتار کرلیا، تفصیلات کے مطابق محلہ درگاہی شاہ کمالیہ کے رہائشی محمد اصغر نامی شخص نے تھانہ سٹی کمالیہ کو درخواست گزاری کہ مورخہ 28-07-2018 کو شام ساڈھے پانچ بجے اسکی نابالغ بیٹی بعمر 5سال مسجد نیم والی کمالیہ سے عربی کی تعلیم حاصل کرکے گھر واپس آ رہی تھی کہ راستہ میں ملزم شاہد ولد اشرف قوم شیخ سکنہ محلہ شیخانوالہ کمالیہ نے میری بیٹی کو زنا کی نیت سے ویران جگہ پر لے جا کر زبردستی زنا کرنے کی کوشش کی۔ شور وویلا پر اہل محلہ جمع ہو گئے جنہیں دیکر ملزم فرار ہو گیا جس پر مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔اہل محلہ نے ملزم کو سخت سے سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) عمران خان صاحب کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالتے ہی امریکہ، ہندوستان، بنگلہ دیش،افغانستان اور کچھ دیگر ممالک کے سفیروں کو واپس بلالینا چاہئے اور نئی پالیسی کے ساتھ نئے سفیروں کو تعینات کیا جائے۔ کم از کم امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کو فوراً واپس بلایا جائے اور اسکی جگہ کوئی دوسری قابل ترین شخصیت کا انتخاب کر کے امریکہ میں سفیر تعینات کیا جائے جو امریکہ سے تعلقات بہتر برابری کی بنیاد پر بڑھائے۔ ان خیالات کا اظہار جنت پاکستان پارٹی کمالیہ کے صدر ابوالفیصل محمد حسین نظامی نے ہمارے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ محترم صدیقی صاحب کی ناکام سفارت کاری کی وجہ سے پاکستان کو ملنے والی 70 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد جسکو صرف 15 کروڑ ڈالر میں تبدیل کردیا گیا۔ محترم صدیقی صاحب تو بلکل ہی اناڑی ناتجربہ کار شخصیت کے مالک ہیں۔ ان محترم کی امریکہ میں تعیناتی بطور سفیر سیاسی بنیادوں پر کی گئی تھی، ہمارے وطن عزیز کو اس وقت بے حد خطرات لاحق ہیں۔اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا حق بنتا ہے کہ اب منفی سیاست نہ کی جائے۔ حکومت کے اچھے کاموں میں تعاون کیا جائے اور غلط کاموں میں بھرپور مخالفت کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ ایڈیٹر ہماری بات پاکستان ) کمالیہ کے تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم کے آغازکے سلسلہ میں ڈی ای او ایلیمنٹری ٹوبہ ٹیک سنگھ گلزار احمد بھٹی نے پودا لگا کر گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 714 گ ب مرکز اسوار شاہ کمالیہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پرانہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنے اپنے حصیّ کا پودا ضرور لگائیں۔ مزید برآں انہوں نے اپنے خطاب میں ادارہ جات کے سربراہان کو تعلیمی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس دوران اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(Visited 42 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *