قطر کے قومی دن پر پاکستان ایسوسی ایشن کی پر وقار تقریب ۔۔۔ رپورٹ : مراد علی شاہد ۔ دوحہ قطر

مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں قطر واحد ملک ہے جو تعلیم و صحت،ثقافت و کھیل اور معیشت میں روز افزوں ترقی کی وجہ سے پوری دنیا میں مرکزِ نگاہ بنا ہوا ہے۔خصوصاً خطہ عرب میں قطر یقیناً قابلِ صد ستائش اس لئے بھی ہے کہ 2006 میں نہ صرف بطور پہلے عرب ملک ایشین گیمز کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا بلکہ2022 ؁ میں مشرقِ وسطیٰ میں قطر واحد ملک ہو گا جسے دنیا کے سب سے مقبول ترین کھیل فٹ بال کی میزبانی کا موقع بھی ملے گا۔بلا شبہ یہ سب نہ صرف قطری حکومت و عوام بلکہ تارکینِ وطن کے لئے بھی باعثِ صد افتخار ہو گا۔کہ عرصہ طویل سے مقیم غیر ملکی اب قطر کو اپنا وطن ہی خیال کرتے ہیں۔اور اپنے آپ کو اسی ملک کے صحراؤں کے ذرے بن کر ملکی ترقی کو روشن و تابندہ دیکھنا چاہتے ہیں۔18 دسمبر یوم الوطنی یا قطر نیشنل ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔جس میں آبائی باشندوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکیوں کا جوش و خروش اور اظہارِ یک جہتی دیدنی ہوتا ہے۔تارکینِ وطن دامے،درمے،سخنے ہر طرح سے اہالیانِ قطر کے شانہ بشانہ دکھائی دیتے ہیں۔قومی دن کے موقع پر وطنِ ثانی سے اظہارِ یک جہتی ،محبت اور سپاس گزاری کے لئے پاکستان ایسوسی ایشن قطر نے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا ،جس میں بلا رنگ و نسل،سیاسی کشیدگیوں اور تعصب کے تمام کمیونٹی افراد کو مدعو کیا گیا۔جس میں پاکستان کے علاوہ کینیا ،سری لنکا،بنگلہ دیش،نیپال،فلپائن،مصر اور پاکستانی نژاد برٹش کمیونٹی نے شمولیت کی۔تقریب کی کمپئیرنگ کرتے ہوئے سید فہیم الدین ہاشمی چئیرمین نے تمام کمیونٹی افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ رنگا رنگ پھولوں سے سجے اس گلدستہ کو اللہ ہرقسم کے شر اور نظرِ بد سے بچائے۔کیونکہ یہاں بہت کم دیکھنے میں آتا ہے کہ مختلف کمیونٹی کے افراد اس طرح اتنی تعداد میں مل بیٹھے ہوں

 جیسے آج ہم سب وطنِ ثانی کی محبت میں جمع ہیں۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ حکیم سے ہوا جس جس کی سعادت علی چیمہ نے حاصل کی۔تلاوت کے بعد مہمانان نے مل کر کیک کاٹنے کی رسم ادا کی اور فرداً فرداً سب افراد نے صاحبِ السمو شیخ تمیم بن حمد اآل ثانی سے محبت اور اظہارِ یک جہتی کے لئے ان کے پورٹریٹ پر پیغامات کے ساتھ ساتھ دستخط بھی فرمائے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب قطر کے ساتھ کھڑے ہیں۔بعد ازاں ہر کمیونٹی کے ایک ایک فرد نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی فرمایا۔
مسٹر طارق محمود نے اپنے خیالات میں کہا کہ ہم پردیسی دیار غیر میں پاکستان اور اہل خاندان کی محبت میں ہمہ وقت کام میں مصروف عمل اس لئے رہتے ہیں کہ ملک اور خاندان میں

 خوشحالی کی لہر دیکھ سکیں۔ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری مراد علی شاہد نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کی دیواروں کو گرا کر صدِ محبت کو اتنا بلند و بالا کرنا ہے کہ ہر سو بھائی چارہ کی فضا دکھائی دے۔بعد ازاں سید فہیم الدین نے سقوط مشرقی پاکستان کے شہدا اور اے پی ایس کے ننھے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے دعائے مغفرت فرماتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ان کے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کے لئے ہاتھ اٹھا کے دعا کرنا ہوگی ،کہ وہ صبر کا دامن مضبوطی سے پکڑے رکھیں۔آمین
پروگرام کے اختتام سے قبل مہمان خصوصی عرفان تاج دفاعی اتاشی سفارت خانہ پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار فرماتے ہوئے کہا کہ اگرچہ قطر میں آئے مجھے صرف اڑھائی سال کا عرصہ ہی ہوا ہے تاہم اپنائیت کا یہ عالم ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے عرصہ دراز سے قطر میں مقیم ہوں اور سب سے بڑھ کر آپ سب لوگوں کا تعاون اور خلوص میرے لئے کسی مہمیز سے کم نہیں کہ جس سے مجھے پاکستان اور قطر کے لئے مزید کام کرنے کا حوصلہ ملتا ہے،مزید میں مشکور ہوں سید فہیم الدین ،شاہد رفیق ناز،تجمل چیمہ اور مراد علی شاہد کا کہ جنہوں نے اس پر وقار تقریب کا انعقاد کیا اور آپ سب سے ملنے کا موقع فراہم کیا۔شکریہ۔پر تکلف طعام کے ساتھ یہ تقریب اختتام کو پہنچی۔

 

(Visited 29 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *