یومِ تاسیس پاکستان ایسوسی ایشن قطر ۔۔۔ رپورٹ : مراد علی شاہد ؔ ۔ دوحہ قطر

حب الوطنی اور جذبہ ایثارِ وطن ہر اس شخص میں بحرِ بیکراں کی طرح موجزن ہوتا ہے جس نے اس مٹی میں جنم لیا،اسی جذباتی وابستگی کی بنا پر ہر پاکستانی ارضِ وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔وطن دوستی اور مادرِ وطن سے محبت یقیناً ایک قدرتی امر ہے،لیکن یہ پیار،محبت،ایثار،لگن اور جذبہ دنیا کے گوشہ گوشہ میں بسنے والے تارکینِ وطن میں اس لئے زیادہ ہوتا ہے کہ وطن سے دور رہ کر وطن کی حرمت و اہمیت کو دل و جان سے عزیز خیال کرتے ہیں۔قطر میں پاکستان ایسوسی ایشن قطر ایسی تنظیم ہے جو تارکین وطن کے دلی جذبات کے اظہار کے لئے اکثر ایسے پروگرام کا انعقاد کرواتی رہتی ہے کہ جس سے پاکستانیوں کے دل سے پاکستان کی خوشبو کبھی ماند نہ پڑے اور پاکستان سب کے دل کی دھڑکن کے ساتھ دھڑکے۔پاکستان ایسو سی ایشن قطر کو یہ خصوصی اعزاز حاصل ہے کہ وہ باقاعدگی سے روائتی مشاعروں سے ہٹ کر پاکستانی نوجوانوں کے لئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرواتی رہتی ہے جیسے کہ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام،اصلاحِ نوجوان اور ہنر مندی کے سلسلے میں خصوصی لیکچرز،شائقین کتب کے لئے بک کلب اور بین الاقوامی مشاعرہ و ایوارڈ خاص کر شامل ہیں۔
گزشتہ رووز پاکستان ایسوسی ایشن قطر نے اپنے معاون WWICS کے ساتھ مل کر یومِ تاسیس انتہائی جوش و جذبہ سے منایا۔جس میں عرفان تاج دفاعی اتاشی سفارت خانہ پاکستان، انوار کریم جنرل مینجرWWICS اور پروفیسر غضنفر علی نے خصوصی شرکت کی۔کیک کاٹنے کی رسم کے بعد ایک مختصر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فہیم الدین چئیرمین نے ایک سالہ تنظیمی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش بختی ہے کہ تنظیم کی اساس رکھتے ہوئے ہم نے جو اہداف مقرر کئے تھے ان کے حصول میں ہم کامیاب و کامران اور سرخرو ہوئے ہیں،اس سلسلہ میں سفارت خانہ پاکستان اور WWICS کا میں خصوصی مشکور ہوں جن کا تعاون ہمیشہ ہی شاملِ حال رہا۔مہمانِ اعزازی انوار کریم نے پاکستان ایسو سی ایشن سے تعاون اور محبت کی وجہ اردو سے محبت اور دوستی کو قرار دیا،کہ اردو شیریں اور محبت کرنے والوں کی زبان ہے اور مجھے اس محبت میں آپ سب ہمیشہ صفِ اول میں پائیں گے۔مہمانِ خصوصی عرفان تاج دفاعی اتاشی سفارت خانہ پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دوحہ قطر میں جتنی بھی تنظیمیں کام کر رہی ہیں ان میں پاکستان ایسوسی ایشن اس لئے معتبر ہے کہ کام کرنے پہ یقین رکھتی ہے اور ان کا ہر پروگرام حب الوطنی،اصلاحِ نوجوان اور امن و آشتی پر مشتمل ہوتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر اعجاز حیدر صدر ایسوسی ایشن نے تمام احباب کی آمد کا شکریہ ادا کیا خاص کر تجمل آفتاب چیمہ، شوکت علی نازؔ ، شاہد رفیق نازؔ ، اسامہ محمد، عتیق الرشید، مشرف کمال، آصف شفیع، شیراز عزیز کی خصوصی شرکت کا جو دیگر شہروں سے خصوصاً یومِ تاسیس کو پر وقار بنانے کے لئے تشریف لائے ہوئے تھے۔

(Visited 23 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *